Aaj News

اتوار, مئ 19, 2024  
10 Dhul-Qadah 1445  

نویں سے بارہویں جماعت کے طالبعلموں کو پروموٹ کرنیکا فیصلہ

شائع 14 مئ 2020 02:04pm

وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے صوبے بھر میں نویں سے بارہویں جماعت کے طالبعلموں کو بغیر امتحانات کے پروموٹ کرنے کا فیصلہ کرلیا، میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے فیل طلباء کو بھی پاس کیا جائے گا، ایک فارمولے کے تحت ان کے مارکس میں 3 فیصد کا اضافہ کیا جائے گا۔

سندھ اسمبلی آڈیٹوریم میں سیکر ٹری تعلیم سندھ سید خالد حیدر شاہ اور سیکرٹری کالجز سندھ باقر نقوی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے  صوبائی وزیر سعید غنی کا کہنا تھا کہ صوبہ سندھ میں پہلی تا آٹھویں جماعت تک کے بچوں کو اگلی کلاسوں میں ترقی دینے کے بعد اب کلاس نویں، دسویں، گیارہویں اور بارہویں جماعت کے طلبہ و طالبات کو بھی بغیر امتحانات اگلی کلاسوں میں ترقی دی جائے گی اور ایک فارمولے کے تحت ان کے مارکس میں 3 فیصد کا اضافہ کیا جائے گا۔

وزیر تعلیم سندھ کا کہنا تھا کہ این سی سی کے اجلاس میں اس بات پر اتفاق رائے کیا گیا ہے کہ موجودہ حالات کے تناظر میں امتحانات کا انعقاد کسی صورت ممکن نہیں، جو طلبہ و طالبات اپنی پوزیشن کو بہتر بنانے کے لئے امتحانات دینے کے خواہ ہوں گے، حالات کے تناظر میں ایسا ممکن ہوا تو ان کے امتحانات لئے جاسکتے ہیں۔

صوبائی وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات نارمل نہیں ہیں اور اس اقدام سے کچھ مسائل ضرور آئیں گے اس لئے اس کے حل کے لئے مذکورہ سب کمیٹی وقتا فوقتاً اجلاس منعقد کرتی رہینگے۔

سعید غنی کا کہنا تھا کہ نیشنل کوآرڈینشن کمیٹی کے اجلاس میں پورے ملک میں جلسہ، جلوس اور ریلیوں پر پابندی عائد کی گئی ہے، ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ اس پر عمل کیا جائے۔